نئی دہلی، 15؍ستمبر(آئی این ایس انڈیا )اس سال اگست کے مہینے میں ای ٹورسٹ ویزا پر ہندوستان میں آنے والے سیاحوں کی تعداد 66000سے زیادہ رہی۔گزشتہ سال کے اگست مہینے کے مقابلے میں سیاحوں کی تعداد میں تقریبا 197فیصد کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ سیاحت کی مرکزی وزارت نے ایک بیان میں بتایا کہ ای-ٹورسٹ ویزا کی سہولت والے ممالک میں برطانیہ سرفہرست ہے۔اس کے بعد امریکہ اور چین کا نمبر آتا ہے۔بیان میں بتایا گیاکہ 2016میں اگست کے مہینے کے دوران ای -ٹورسٹ ویزا پر ہندوستان آنے والے سیاحوں کی تعداد 66097ہے جبکہ گزشتہ سال 2015کے اگست مہینے میں یہ تعداد 22286تھی۔گزشتہ سال کے مقابلے اس تعداد میں 196.6فیصد اضافہ درج کیا گیا ہے۔اس سال جنوری- اگست کے دوران ای- ٹورسٹ ویزا پر آنے والے سیاحوں کی کل تعداد 606493تھی جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران یہ تعداد 169976تھی اور اس میں 256.8فیصد اضافہ ہوا ہے۔بیان میں بتایا گیاکہ ای ٹورسٹ ویزا پر آنے والے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ کا سبب اب 150ممالک میں ای ٹورسٹ ویزا کی سہولت کا دستیاب ہونا ہو سکتا ہے جبکہ پہلے یہ سہولت 113ممالک میں ہی دستیاب تھی۔ای-ٹورسٹ ویزا کی شروعات 27؍نومبر 2014میں کی گئی تھی اور شروعات میں یہ سہولت 113ممالک کے شہریوں کے لیے دستیاب تھی ، بعد میں اسے 37مزید ممالک کے لیے شروع کیا گیا۔